[Urdu/اردو] اپنے گھر میں توانائی اور پیسے بچانے کے لیے 5 بہترین طریقے
Publisher
Date
Type
جیسے جیسے بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، ہم میں سے بہت سے لوگ گھر پر توانائی کا کم استعمال کرنے کے طریقے تلاش کر رہے ہیں۔ اچھی خبر یہ ہے کہ ایسی بہت سی سادہ اور مفت چیزیں ہیں جو آپ ابھی کر سکتے ہیں۔ ان میں سے کچھ تجاویز کو آزما کر اور روزمرہ کی عادات میں چند تبدیلیاں لا کر، آپ آرام و سکون پر سمجھوتہ کیے بغیر پیسے بچا سکتے ہیں اور ماحول کی حفاظت میں مدد کر سکتے ہیں۔
1. گرم پانی کا استعمال کم سے کم کرنا
اوسط گھریلو توانائی کے بل کا تقریباً 25 فیصد حصہ گرم پانی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اسے کم کرنے کے طریقوں میں کپڑے ٹھنڈے پانی میں دھونا اور مشین کو بھر کر چلانا، ڈش واشر کو صرف اس وقت چلانا جب وہ بھر جائے، کم بہاؤ والا شاور ہیڈ لگانا (جس کی قیمت بچت کے ذریعے جلد پوری ہو جائے گی) اور نہانے کا وقت مختصر رکھنا شامل ہیں۔
2. مؤثر برقی آلات کا انتخاب
گھریلو برقی آلات آپ کے توانائی کے بل کے ایک تہائی حصے تک کا سبب بن سکتے ہیں۔ اگر آپ نیا فریج، فریزر، ٹیلی ویژن، واشنگ مشین، ڈرائر ، ڈش واشر یا ایئر کنڈیشنر خرید رہے ہیں، تو انرجی ریٹنگ لیبل تلاش کریں— جتنے زیادہ اسٹار ہوں گے، پروڈکٹ اتنی ہی کم بجلی استعمال کرے گی۔ زیادہ اسٹار ریٹنگ والے ماڈل کی قیمت تھوڑی زیادہ ہو سکتی ہے، لیکن سستی اور توانائی کی کم بچت کرنے والی پروڈکٹ کا انتخاب طویل مدت میں آپ کو زیادہ مہنگا پڑ سکتا ہے۔
3. برقی آلات کا دانشمندانہ استعمال
مائیکرو ویو، ٹیلی ویژن اور گیمنگ کنسولز جیسی مصنوعات کے ذریعے استعمال ہونے والی 'اسٹینڈ بائی پاور' آپ کے بجلی کے بل کا 10 فیصد ہو سکتی ہے۔ اگر اس پر کوئی چھوٹی لائٹ یا گھڑی جل رہی ہے—تو اس کا مطلب ہے کہ یہ بجلی استعمال کر رہی ہے۔ جب برقی آلات زیر استعمال نہ ہوں تو انہیں دیوار کے سوئچ سے بند کر کے، ضرورت سے زائد اضافی فریجوں اور فریزروں سے چھٹکارا پا کر، اور کپڑے ڈرائر کے بجائے رسی پر سکھا کر اخراجات کم کیے جا سکتے ہیں۔
4. ہیٹنگ اور کولنگ کا مؤثر استعمال
ہیٹنگ یا کولنگ میں بڑھائی گئی ہر ایک ڈگری کے لیے، توانائی کا استعمال تقریباً 5 سے 10 فیصد تک بڑھ جائے گا۔ اپنے بلوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے، سردیوں میں اپنے ہیٹنگ تھرموسٹیٹ کو 18-20 ڈگری سیلسیئس اور گرمیوں میں 25-27 ڈگری سیلسیئس پر سیٹ کرنے کے بارے میں سوچیں۔ آپ اندرونی دروازے بند رکھ کر اور صرف ان کمروں کو گرم یا ٹھنڈا کر کے جنہیں آپ استعمال کر رہے ہیں، اپنی استعمال کردہ توانائی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
5. اپنے گھر کو ڈرافٹ پروف (ہوا کے گزر کو روکنے والا) بنانا
ڈرافٹ پروفنگ اپنے گھر کو آرام دہ رکھنے اور ہیٹنگ اور کولنگ کے اخراجات کا چوتھائی حصہ بچانے کا ایک سستا اور آسان طریقہ ہے۔ دروازوں، فرش، کھڑکیوں اور اسکرٹنگ بورڈز کے گرد دراڑوں کو بند کرنا، اور ریت سے بھرے یا کپڑے کے 'ساسج' ڈرافٹ اسٹاپرز کا استعمال آپ اپنے طور پر خود سے کر سکتے ہيں۔
آپ مزید جاننا اور بچت کرنا چاہتے ہیں؟
توانائی، فضلے، پانی اور سفری سہولیات میں بچت کے حوالے سے عملی مشوروں کی ایک وسیع رینج اور حکومتی امداد کے بارے میں معلومات انگریزی زبان میں www.energy.gov.au ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔